ہمیں ہوش ربا چیلنجز کا سامنا ہے، ٹیکس کو کم کرکے ٹیکس بیس کو بڑھانا ہوگا

بجلی گیس کے گردشی قرضے 5 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں، 500ارب روپے کی سالانہ بجلی چوری ہوتی ہے، سب مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے، وزیراعظم شہبازشریف کا اتحادی جماعتوں کے ارکان سے خطاب

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمیں ہوش ربا چیلنجز کا سامنا ہے، ٹیکس کو کم کرکے ٹیکس بیس کو بڑھانا ہوگا، بجلی گیس کے گردشی قرضے 5 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں، 500 ارب روپے کی سالانہ بجلی چوری ہوتی ہے۔ انہوں نے عشائیہ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے سے وفاق میں حکومت قائم ہوئی ہے، تمام اتحادی مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے، خیبرپختونخواہ میں جس کو مینڈیٹ ملا اس کا ہم احترام کرتے ہیں، خیبرپختونخواہ بھی ہمارا صوبہ ہے ہم کوشش کریں گے کہ مل کر چلیں، پاکستان چار اکائیوں کا نام ہے، ایک اتحاد کا نام ہے، اگر ایک روٹی ہے تو بانٹ کر کھائیں ، لہذا ملک قوم کی مل کر تقدیر بدل دیں گے۔
سب نے مل کر مجھ ناچیز کو ایک مرتبہ پھر عزت بخشی ہے، آصف زرداری ہمارے مشترکہ صدارتی امیدوار ہیں، 9 مارچ کو قومی اسمبلی ، چاروں اسمبلیاں اور سینیٹ صدر کا انتخاب کریں گی، ہمارے پاس اکثریت ہے، لیکن اس کے باوجود ہم ووٹ مانگیں گے، جنہوں نے ووٹ نہیں دینا ان کے پاس بھی جانا ہوگا۔
شاید ان کا دل بدل جائے کہ ہمیں ووٹ دینا چاہئے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہمارے سامنے ہمالیہ نما چیلنجز ہیں، ہمیں ہوش ربا چیلنجز کا سامنا ہے۔

میں اس بات کا حامی ہوں کہ ٹیکس ہمیں کم کرنی چاہیے، بار بار ایک ہی بندے پر اگر ٹیکس لگائیں گے تو وہ ہار جائے گا، ہمیں ٹیکس کی شرح کم اور ٹیکس بیس کو بڑھانا ہوگا، ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں ٹیکس جنریٹ بہت کم ہے۔ ادارے کئی سو ارب روپیہ ضائع کررہے ہیں ، غریب آدمی کے ٹیکس کے پیسے اور قرض لے کر اس نقصان کو پورا کررہے ہیں۔ سالانہ کئی سو ارب معیشت کا نقصان ہورہا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ بجلی گیس کے گردشی قرضے 5 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں، 500 ارب روپے کی سالانہ بجلی چوری ہوتی ہے، پی آئی اے کا قرضہ 825 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، ہماری جڑیں معاشی طور پر کھوکھلی کی جارہی ہیں، اگر ہم نے اس کشتی کو کنارے لگا دیا تو تاریخ ہمیں قیامت تک یاد رکھے گی۔