اقتدار کی ہوس کیلئے اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسروں کے پاس چلے گئے، لوٹا لوٹا کی آواز لگانے والوں نے خود سارے لوٹے اکھٹے کر لئے،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءخواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کی ہوس کیلئے اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسروں کے پاس چلے گئے،محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرکے تحریک انصاف نے اپنا برانڈ بھی تبدیل کرلیا ہے۔جب برانڈ تبدیل ہوتا ہے تو لیڈر بھی تبدیل کیا جاتا ہے۔ایوان میں لوٹا لوٹا کی آواز لگانے والوں نے خود سارے لوٹے اکھٹے کر لئے ہیں۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل تازہ ترین لوٹا ازم ہے، اقتدار کے ہوس کیلئےآپ اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسروں کے پاس گئے۔
سنی اتحاد کونسل نے لسٹ ہی نہیں دی، سنی اتحادپہلے ہی لکھ کر دے چکی ہے کہ ہمیں کوئی مخصوص نشست نہیں چاہیے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ چار چار جماعتوں کی منکوحہ رہی ہے۔ دوسروں کو لوٹا لوٹا کہہ رہے تھے اور خود لوٹوں کی بارات اکٹھے بیٹھی ہوئی تھی۔ سنی اتحاد کونسل تازہ ترین لوٹا ازم ہے۔ اقتدار کی ہوس میں انہوں نے اپنی پارٹی کا نام تبدیل کرلیا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے بہت آفرز ملنے کے باوجود بھائی کے ساتھ وفا کی۔
شہبازشریف کل دوسری مرتبہ وزیراعظم پاکستان منتخب ہوں گے۔رہنماءن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان کے ساتھہ ہمارے ذاتی تعلقات بھی ہیں، سیاست میں کبھی کوئی بات حتمی نہیں ہوتی۔سیاست میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہیں۔ ہمارے مولانا کے ساتھ رابطے منقطع نہیں ہوئے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کو جلد دور کرینگے اور ان کو اپنے ساتھ حکومت میں شامل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اقتدار میں سب کو ساتھ لیکر چلیں تاکہ ملک کے مسائل کا حل مل کر نکالا جائے ۔ملک اس وقت کسی نئے سانحہ کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔احتجاج کی بجائے ہمیں ملک کی ترقی کے بارے میں سوچنا چاہیے۔