اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد بننے والی نئی قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عرف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کر دیئے جس کے بعد آج قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہورہا ہے، جس میں قائم مقام سپیکر راجہ پرویز اشرف منتخب اراکین سے حلف لیں گے، تاہم قومی اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ آج دن 12 بجے تک سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی فہرست بھی آج ہی جاری کاردی جائے گی، جس کے بعد سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان پر مشتمل جماعتوں کے اتحاد کی طرف سے ن لیگی رکن سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے، ڈپٹی سپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے ایم این اے غلام مصطفیٰ شاہ کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے بھی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے اپنے امیدوار نامزد کردیئے ہیں۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اور وزیراعظم کیلئے نامزد امیدوار عمر ایوب نے کہا کہ بڑے عرصے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے اور ان کے جذبے بلند ہیں، عمران خان نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے عہدوں کے لیے امیدوار نامزد کردیئے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی کے لیے عامر ڈوگر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے جنید خان کا نام فائنل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لودھراں میں ہماری سیٹ پر دوبارہ گنتی کروا کر شب خون مارا گیا، مجموعی طور پر پی ٹی آئی کی 175 سے 180 سیٹوں پر کٹ مارا گیا ہے، ملکی تاریخ میں اتنی بڑی دھاندلی نہیں ہوئی، الیکشن میں ہونے والی دھنادلی کے خلاف 2 مارچ کو مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے کیوں کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم اس کے خلاف آخری حد تک جائیں گے، ہم انتخابات کے نتائج کے خلاف آخری دم تک احتجاج کریں گے، ثبوت کے طور پر تمام حلقوں کے فارم 45 ہمارے پاس موجود ہیں اور جیت پی ٹی آئی کی ہو گی، ہمارے قائد نے ایک چیز سکھائی ہے کہ آخری دم تک لڑنا ہے۔