آئی ایم ایف سے میٹنگ میں شرط شفاف انتخابات کی تھی لیکن فارم47 کے تحت دھاندلا ہوا

ہماری ڈیمانڈ ہےکہ ایک ٹائم فریم کے اندر جنرل الیکشن کا آڈٹ کرایا جائے، فافن اور پتن فوری جنرل الیکشن کا آڈٹ کریں، 2 مارچ بروز ہفتے کو دھاندلی کیخلاف ملک گیر احتجاج کریں گے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے میٹنگ میں شرط شفاف انتخابات کی تھی لیکن فارم47 کے تحت دھاندلا ہوا، ہماری ڈیمانڈ ہےکہ ایک ٹائم فریم کے اندر جنرل الیکشن کا آڈٹ کرایا جائے، فافن اور پتن فوری جنرل الیکشن کا آڈٹ کریں، 2 مارچ بروز ہفتے کو دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر ودیگر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں ہر بندہ حصہ لے سکتا ہے، ہم نے پاکستان کے سارے اخبارات میں انتخابات کے حوالے سے اشتہارات دئیے ہیں شیڈول پبلش کروایا ہے، جس طرح پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے گئے الیکشن کمیشن دیگر پارٹیوں کے بھی انتخابات کروائے۔
پاکستان تحریک انصاف اور بانی چیئرمین عمران خان کسی صورت بھی ملک کی معیشت کا پہیہ چلنے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے۔ ایک بات واضح ہو کہ جس وقت آئی ایم ایف سے میٹنگ ہوئی اس میں ایک شرط صاف شفاف انتخابات کی تھی۔ پاکستان میں اس وقت جو الیکشن ہوئے فارم 47 کے تحت دھاندلا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے پریس کانفرنس کرکے ساری تفصیلات عوام کے سامنے رکھی ہیں، یہ ہماری ڈیمانڈ ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض ساری عوام پر قرض ہوتا ہے، شاہ خرچیاں نگران حکومت یا پی ڈی ایم حکومت کرے اور خمیازہ عوام بھرے۔
آئی ایم ایف کے پاس اصلاحاتی ایجنڈے کے لئے جاتے ہیں اصلاحات صرف ایک مضبوط حکومت کرسکتی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کسی قسم کا اصلاحاتی پروگرام نہیں لاسکتے۔ فافن اور پتن فوری جنرل الیکشن کا آڈٹ کریں۔ ہماری ڈیمانڈ ہے کہ ایک ٹائم فریم کے اندر جنرل الیکشن کا آڈٹ کرایا جائے اور پاکستانی عوام اور دنیا کے سامنے لائیں ان انتخابات میں کس طرح دھاندلا ہوا۔
پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ملک کی ترقی اور جو قرض لیا جاتا ہے وہ درست انداز میں خرچ ہو نہ کہ شاہ خرچیاں کی جائیں۔ 2 مارچ بروز ہفتے کو دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے۔ پی ٹی آئی دور حکومت میں انرجی سیکٹر میں ریکارڈ ریکوری تھی ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کردی تھی بجلی کا یونٹ 17 روپے تھا آج 85 روپے یونٹ ہے گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں تھی سرکولر ڈیڈ 8/10 ارب پر لے آئے تھے آج 40/45 ماہانہ سے تجاوز کر گیا ہے ان سے کنٹرول نہیں ہو رہا مزید بڑھتا جا رہا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر نے عمر ایوب ودیگر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ ہم اب حقیقی جمہوریت کی طرف بڑھ رہے ہیں، پاکستان کو سیاسی معاشی چیلنجز درپیش ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور مسائل حل ہوں، جو خط آئی ایم ایف کو جانا تھاا س سے پہلے معیشت پر نظر ڈلوانا چاہتے ہیں ۔ خط میں شفاف الیکشن کا وعدہ یاد دلایا گیا ،الیکشن کے بعد پارٹی کے بانی چیئرمین کے نظریے کی بات کی، پاکستا ن کو ترقی کی طرف لے کر جانا بانی پی ٹی آئی کا ویژن ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہوتے بھی عوام نے نظریہ قبول کیا۔ کرسیوں کی طرف بھاگنے والوں کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، جو لوگ اقتدار لینے جارہے ہیں وہ خود بھی جانتے ہیں کہ مینڈیٹ ان کا نہیں ہے۔