الیکشن دھاندلی کیخلاف بھرپور تحریک چل رہی ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے،میڈیا سے گفتگو
پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاق میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی، حکومت بنانے کے حوالے سے ہماری مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ الیکشن دھاندلی کیخلاف ہماری بھرپور تحریک چل رہی ہے۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ الیکشن کمیشن فارم 45 کے مطابق کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق ادا نہیں کر رہی، این ایف سی ایوارڈ کے مطابق ہمارے صوبے کو حصہ نہیں دیا جا رہا۔ اپنے صوبے میں کاروبار اور روزگار کی بحالی کیلئے جدوجہد کریں گے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پورے خیبرپختونخوا کی آواز بنوں گا، بھرپور تیاری اور حکمت عملی سے صوبے کا مقدمہ لڑیں گے۔دریں اثناءپاکستان تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان کردیا۔اس بات کا اعلان پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہیر، عمر ایوب نے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماوٴں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے امیدوار قومی، پنجاب اور خیبرپختون خوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کریں گے۔ہمارے حمایت یافتہ امیدوار تمام صوبوں میں جیتے ہیں، ہمارے حساب سے پی ٹی آئی قومی اسمبلی کی 180 نشستیں جیت چکی ہے، ہمارے امیدوار قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی اور کے پی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کو جوائن کریں گے، ہم وفاق اور ان صوبوں میں اپنی حکومت بنائیں گے، ہم نے یہ قدم مخصوص نشستوں کے تحفظ کیلئے اٹھایا ہے۔