پتھراؤ کے دوران ایس ایچ او سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے
کراچی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا، اس دوران پتھراؤ کے باعث ایس ایچ او سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے تین تلوار پر پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے موقع پر پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو گھیرے میں لے لیا اور کارکنوں وہاں سے ہٹاتے ہوئے سڑک کلیئر کرنے کی ہدایت کردی، اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان مشتعل ہوگئے اور شدید نعرے بازی کی، پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج شروع کردیا اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔
تین تلوار کامرکزی روڈ بند کردیا گیا جب کہ مزاحمت کرنے والے افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس کو پیچھے دھکیل دیا، پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان آنکھ مچولی کے دوران ایس ایچ او سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، اس دوران ساؤتھ پولیس پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ کے بعد پیچھے ہٹ گئی، جس کے نتیجے میں کارکنان کی ایک بڑی تعداد ایک بار پھر سڑک پر آگئی۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے ریلی کے شرکاء کے ساتھ کوریج کرنے والے صحافیوں پر بھی بدترین تشدد کیا، اے آر وائی کے رپورٹر اور سنو نیوز کے کیمرہ مین پر پولیس نے تشدد کرکے کیمرہ اور موبائل بھی چھین لیے، اسی دوران جیو نیوز کے کیمرہ مین کا سر پھٹ گیا جب کہ سماء کے کیمرے پر ڈنڈا مار کر بیٹری توڑ دیا گیا۔ ڈی آئی جی سائوتھ سید اسد رضا نے تین تلوار پر صحافیوں اور کیمرہ مینوں سے ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی کہ اس طرح کے واقعات برداشت نہیں کیے جاسکتے، صحافیوں پر تشدد کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے کارروائی کی جائے گی۔