ایچ آر سی پی کی پاکستان میں سوشل میڈیا سروسز معطلی کی مذمت

ایچ آر سی پی کی پاکستان میں سوشل میڈیا سروسز معطلی کی مذمت

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے ملک میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسز کی معطلی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایچ آر سی پی نے ایک بیان میں کہا کہ انٹرنیٹ میں رکاوٹ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ہیومن رائٹس کونسل نے مزید کہا کہ انتخابات کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کو آزادیٔ اظہار کا بنیادی حق ملنا چاہیے۔

ایچ آر سی پی نے یہ بھی کہا کہ یہ حکومت پاکستان کی ذمے داری ہے کہ وہ بنیادی حقوق برقرار رکھے۔

دوسری جانب بین الاقوامی خبر ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آن لائن انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے بعد پاکستان بھر میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسز تعطل کا شکار ہوگئیں۔

سائبر سیکیورٹی اور انٹرنیٹ گورننس پر نظر رکھنے والی تنظیم نیٹ بلاکس نے کہا کہ یہ واقعہ پچھلے سوشل میڈیا فلٹرنگ کے واقعات سے مطابقت رکھتا ہے۔

نیٹ بلاکس نے مزید کہا کہ رکاوٹیں پورے ملک میں نیٹ ورک فراہم کرنے والوں کو متاثر کر رہی ہیں، قومی سطح پر سوشل میڈیا سیاسی سرگرمیوں کو اس پیمانے پر نشانہ بنانا غیرمعمولی ہے۔