نوشہرہ: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے انتخابات میں ووٹ باضمیر اور وطن سے محبت کرنے والوں کو دیں۔
نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ ملک بدترین سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہے، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز ملک کو بحران سے نکالے گی، ہماری جماعت کا منشور غریب عوام کی ترقی و خوشحالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو مہنگائی، غربت اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، سابق حکمرانوں نے اقتدار کی خاطر عوام کو بے وقوف بنایا، اداروں اور ملک کے خلاف سازش کرنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ اپنے آپ کو مظلوم قرار دینے والے 9 مئی کو ملک توڑنے کی تاریخ رقم کر رہے تھے، ہم ملک توڑنے والے نہیں بلکہ ملک و قوم کو جوڑنے والے ہیں، کارکن گھر، گھر جا کر عوام کو پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کا ترقی، خوشحالی اور امن کا منشور بتائیں۔