امیر اور بھی زیادہ امیر ہوگئے 2 ہزار 755 ارب پتی 130 کھرب ڈالر کے مالک

نیویارک (این این آئی)فوربز میگزین کی ارب پتیوں کی سالانہ فہرست کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس مسلسل چوتھے سال پہلے نمبر پر ہیں۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فوربز کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست میں 2 ہزار 755 ارب پتی افرادشامل ہیں۔انتہائی دولت مند افراد کی تعداد میں ایک ایسے سال کے بعد اضافہ ہوا ہے، جس میں کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشتیں تنزلی کا شکار رہیں اور اس نے پوری دنیا کے لوگوں کے معاش کو خطرے میں ڈال دیا۔فوربز کے مطابق رواں سال کے ان ارب

پتیوں کی مجموعی دولت 13 اعشاریہ ایک کھرب ڈالر ہے جو گذشتہ سال آٹھ کھرب ڈالر تھی۔فوربز کے چیف کنٹینٹ آفیسر رینڈل لین نے روئٹرز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ‘بہت بہت امیر اور بھی زیادہ امیر ہو گئے۔گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کا اس فہرست میں دوسرا نمبر ہے، وہ گذشتہ سال 31 ویں نمبر پر تھے۔تیسرا نمبر لگڑری اشیا بنانے والی فرم لوئس ووٹن کے چیف ایگزیگٹو برنارڈ آرنالٹ کا ہے۔ چوتھے پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور پانچویں نمبر پر فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ ہیں۔سرمایہ کار اور بزنس ٹائیکون وارن بفٹ دو دہائیوں کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کے پہلے پانچ امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہوئے ہیں۔،کیونکہ فوربز کی درجہ بندی میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کا غلبہ ہے۔اس سال کی فہرست میں 493 نئے افراد شامل ہوئے ہیں جن میں ڈیٹنگ ایپ بمبل کی چیف ایگزیکٹو وہٹنی وولف ہرڈ بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں