پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گی

میں بلکل قائم دائم ہوں، پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گی، یاسمین راشد کی انسداد دہشتگردی عدالت پیشی پر گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گی۔یاسمین راشد نے انسداد دہشتگردی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بالکل قائم و دائم ہوں، میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گی۔

عدالت نے تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔
لاہور کی انسداددہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، سروسزہسپتال نے رہنما پی ٹی آئی کی پورٹ عدالت میں پیش کردی جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ جس پر عدالت نے یاسمین راشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔
اس سے قبل 18مئی کو انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے یاسمین راشد کو ہسپتال میں رہنے کی اجازت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جب تک یاسمین راشد کی فٹنس رپورٹ پیش نہ ہو جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا، تفتیشی افسر ہسپتال میں یاسمین راشد سے تفتیش کرسکتا ہے۔

عدالت نے بیماری کے باعث یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ موخر کردیا اور ایم ایس سروسزہسپتال کو 22 مئی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔دوسری جانب سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ پارٹی چھوڑنے کے سوال پر بول پڑے۔انہوں نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ایک نظریاتی ورکر ہوں، نظریاتی ورکر کیسے پارٹی چھوڑ سکتا ہے، وہ تو خود پارٹی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی ورکر اور شرپسندوں میں فرق کرنا چاہئیے۔ضمانت نہ کرانے کے سوال کے جواب پر عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مجھ پر جھوٹا کیس بنایا گیا ہے، ایک کیس میں ضمانت کراتے ہیں تو دوسرے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اسی لیے ضمانت کی درخواست کا کوئی فائدہ نہیں۔