گرانٹ بریڈ برن 2 سال کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل 2018ء سے 2020ء تک پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ، انہوں نے قومی کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دی تھیں

لاہور (سپورٹس ڈیسک) گرانٹ بریڈبرن کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق گرانٹ بریڈبرن کو 2 سال کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ گرانٹ بریڈبرن نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں کنسلٹنٹ کے طور پر ذمے داری نبھائی تھی اور یہ سیریز پاکستان نے 1-4 سے جیتی تھی۔ پاکستان ٹیم چوتھا میچ جیت کر عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھی آگئی تھی ۔
گرانٹ بریڈبرن اس سے قبل 2018ء سے 2020ء تک پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں جس کے بعد انہوں نے قومی کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بریڈبرن اسکاٹ لینڈ کے ہیڈ کوچ بھی رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بریڈبرن کو ہیڈ کوچ مقرر کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتہائی تجربہ کار کوچ ہیں چونکہ وہ اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ رہ چکے ہیں لہٰذا وہ ہمارے کلچر کو بخوبی سمجھتے ہیں۔