قومی ہیرو کے ساتھ اس طرح کی بدتمیزی دیکھنا دل شکستہ ہے: شعیب اختر کا عمران خان کی حمایت میں پیغام

اپنے قومی ہیرو کو اس حالت میں دیکھنا دل شکستہ منظر، عمران خان کیساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے، یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ زخمی ہیں اور پاکستان کیلئے انکی بے شمار خدمات ہیں، ہم کس طرف جا رہے ہیں؟،قومی ہیرو کی قدر کیجیے : سابق سپیڈ سٹار کا ٹویٹ

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) قومی کے سابق کپتان وسیم اکرم اور آل رائونڈر محمد حفیظ کے بعد سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر بھی 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شعیب اختر نے لکھا کہ ’’ اپنے قومی ہیرو کو اس حالت میں دیکھنا دل کو چھو لینے والا منظر ہے، عمران خان کے ساتھ اس طرح بدتمیزی کی جا رہی ہے، یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ زخمی ہیں اور پاکستان کے لیے ان کی بے شمار خدمات ہیں، ہم کس طرف جا رہے ہیں؟ ہمارے قومی ہیرو کی قدر کیجیے‘‘۔
اس سے قبل سابق کپتان محمد حفیظ نے عمران خان کی گرفتاری پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ دردناک اور قابل مذمت عمل‘، انہوں نے #ImranKhanArrest کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ۔
دوسری جانب سابق کپتان اور 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے اہم رکن وسیم اکرم نے بھی عمران خان کی گرفتاری پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ آپ ایک شخص ہیں لیکن آپ میں لاکھوں کی طاقت ہے، کپتان آپ مضبوط رہیں‘‘ ۔
انہوں نے #BehindYouSkipper کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے رینجرز کی مدد سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرلیا۔ عمران خان مختلف کیسز میں ضمانت حاصل کرنے کےلیے وہیل چیئر پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں نیب راول پنڈی نے حراست میں لے لیا۔ عمران خان کو رینجرز حکام لے کر روانہ ہوئے اور انہیں سخت سکیورٹی میں نیب راولپنڈی میں پیش کردیا۔
نیب راولپنڈی آفس میں پولی کلینک کے ڈاکٹرز پہنچے اور عمران خان کا ابتداٸی طبعی معاٸنہ کیا۔ ڈاکٹرز عمران خان کی صحت سے متعلق اپنی رپورٹ سے آگاہ کرینگے۔ عمران کی گرفتاری کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور رینجرز اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وکیل علی بخاری نے بتایا کہ عمران خان بائیو میٹرک کرانے دائری برانچ کے باہر گئے تھے، جہاں بائیو میٹرک روم کے شیشے توڑ کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ وکیل بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ رینجرز نے عمران خان پر تشدد کیا ، ان کے سر اور زخمی ٹانگ پر تشدد کیا گیا، ان کی وہیل چیئر وہیں پھینک دی گئی۔