عمران خان کی گرفتاری کیخلاف عوام و پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی

لاہور: (نیوز الرٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔

ڈنڈا بردار کارکنوں نے کینال روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا، زمان پارک کا کنٹرول بھی پی ٹی آئی کارکنان نے سنبھال لیا ہے، ٹھنڈی سڑک اور جیل روڈ کو بھی کارکنان نے ٹریفک کیلئے بند کر دیا، مال روڈ پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

سڑکوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کی مین شاہراہوں کی بندش کے باعث اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، عمران خان نے کوئی گناہ نہیں کیا۔

۹ مئی کا دن عمران خان کی گرفتاری کا نہیں بلکہ پاکستان کی آزادی کا دن ثابت ہو گا انشاللہ۔ اہلیان لاہور لبرٹی چوک پہنچیں۔ اگلا لاح عمل وہاں دیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حماد اظہر نے کہا کہ 9 مئی کا دن عمران خان کی گرفتاری کا نہیں بلکہ پاکستان کی آزادی کا دن ثابت ہوگا، اہلیان لاہور لبرٹی چوک پہنچیں، اگلا لائحہ عمل وہاں دیا جائے گا۔

حماد اظہر نے کارکنوں اور عوام سے مطالبہ کیا کہ گھر سے باہر نکلیں کیونکہ اگر آج ہم باہر نہ نکلے تو یہ ملک ہمیشہ کے لیے ان چوروں اور ڈاکوؤں کے حوالے کردیا جائے گا اور دوبارہ یہاں کوئی سر اٹھا کر نہیں جی سکے گا۔

پی ٹی آئی رہنما اظہر صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کا وارنٹ گرفتاری یکم مئی کو جاری کیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نیب عدالت سے اجازت کے بغیر عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، چیئرمین نیب کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنا اختیارات سے تجاوز ہے۔

نیب عدالت سے اجازت کے بغیر عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے!!

چیرمین نیب کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنا اختیارات سے تجاوز ہے !

اسلام آباد ہائیکورٹ احاطے سے گرفتاری توئین عدالت ہے!

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے یکم مئی (چھٹی کے روز) عمران خان کا وارنٹ گرفتاری… https://twitter.com/AzharSiddique/status/1655877216624861185?s=20


انہوں نے لکھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ احاطے سے گرفتاری توہین عدالت ہے، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے یکم مئی (چھٹی کے روز) عمران خان کا وارنٹ گرفتاری جاری کیا۔

رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی پارٹی کارکنان کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے ایک بار پھر توہین عدالت کی گئی ہے۔