ماحولیاتی تبدیلی کی کانفرنس میں دعوت نہ ملنے پرپڑنے والے شور پر حیران ہوں ، وزیراعظم

اسلام آباد (جنرل رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس میں پاکستان کومدعو نہ کرنے پر پڑنے والے شور پر حیرت ہے ، ہماری ماحول دوست پالیسیاں ہمارےمستقبل کی نسلوں کے لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پہلے سے اقدامات کررہی ہے ، ہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کی طرف گامزن ہیں ، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 2021ء کی کانفرنس میں ترجیحات کا تعین کرچکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ اگر عالمی براداری ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے سنجیدہ ہے تو غور کرے ، کیوں کہ ہمارے گرین پاکستان کے لیے گیے گئے اقدامات ، 10 بلین ٹری سونامی ، فطرت پر مبنی حل ، اپنے دریاؤں کی صفائی وغیرہ سے ہم نے 7 سالوں میں وسیع تجربہ حاصل کیا ہے ، جب کہ عالمی سطح پر ہماری پالیسیوں کو تسلیم کیا گیا اور سراہا بھی جارہا ہے ، ہم کسی بھی ریاست کو اپنے تجربے سے مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کی پاکستانی کوششوں کو عالمی سطح پر نظر انداز کردیا تھا ، میڈیارپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ ماحولیاتی تبدیلی پر امریکا میں عالمی سمٹ کا انعقاد ہورہا ہے جس میں صدر جوبائیڈن نے 40 ملکوں کے سربراہان کو دعوت نامے ارسال کیے ہیں ، پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت، چین، بنگلہ دیش کے سربراہان کو بھی سمٹ میں مدعو کرلیا گیا لیکن حیران کن طور پر سمٹ میں پاکستان کو دعوت نہیں دی گئی۔
بعد ازاں امریکا نے ماحولیاتی اجلاس میں پاکستان کو مدعو نہ کرنے پر وضاحت پیش کی ، ماحولیات پر لیڈرز سمٹ میں پاکستان کو مدعو نہ کرنے پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر 80 فیصد دھویں کے اخراج اور عالمی جی ڈی پی کی ذمہ دار اہم معیشتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام نومبر میں ہونے والی ماحولیاتی تبدیلی پر کانفرنس سے پہلے لیڈر سمٹ ماحولیات سے ہونے والے متعدد اہم ایونٹس میں سے صرف ایک ہے، غیر ملکی میڈیا کے سوال پر بذریعہ ای میل جواب دیتے ہوئے محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور دیگر حکومتوں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی مقاصد کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں