چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عدالت پیشی کیلئے اسلام آباد روانہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) عسکری اداروں کیخلاف بیان دینے کے مقدمے میں پیشی کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی طرف سے ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی، درخواست کو آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

عدالت میں پیشی کے لئے عمران خان آج صبح 7 بج کر 40 منٹ پر زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد قافلے کے ساتھ موجود ہے۔


یاد رہے کہ عسکری اداروں کیخلاف بات کرنے پر عمران خان کیخلاف 7 اپریل کو مقدمہ مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے اسی مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

دوسری جانب دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی پر کیپٹل پولیس کا ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا جس کے مطابق جی ٹین پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورشن ہوگی، شہریوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس عمران خان کی پیشی پر موثر سکیورٹی اقدامات کرے گی، امید ہے پیشی کے دوران عمران خان اور ان کے ساتھی قانون کا احترام کریں گے۔


ترجمان پولیس نے کہا کہ مقدمات قانون کے مطابق بنے فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں، مقدمات کی نظر میں سب برابر ہیں، کسی کو امتیازی حیثیت حاصل نہیں۔