تازہ انکشافات نے پلوامہ حملے پر پاکستان کے مؤقف کی تصدیق کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پلوامہ حملے کے بارے میں تازہ ترین انکشافات سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر کے انکشافات نے ایک بار پھر پلوامہ حملے پر پاکستان کے مؤقف کی تصدیق کر دی ہے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امید کرتے ہیں عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس اور پاکستان کے خلاف خود غرض سیاسی مفادات، جھوٹ اور فریب پر مبنی بھارت کی پروپیگنڈہ مہم کا جائزہ لے گی، بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے، پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔