مجھے قانونی چیلنجز کا سامنا ہے حکومت انتخاب لڑنے سے روک سکتی ہے،عمران خان

پاکستان کے معاشی بحران کیلئے سرجری کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی اقتدار میں واپس آئی تو گھریلو اصلاحات کو ترجیح دیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کا غیر ملکی اخبار کو انٹرویو

لاہور (نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی بحران کیلئے سرجری کرانے کی ضرورت ہے،مجھے قانونی چیلنجز کا سامنا ہے حکومت انتخاب لڑنے سے روک سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ’’ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا قرض بڑھ رہا ہے اور معیشت آہستہ آہستہ سکڑ رہی ہے،کم آمدنی والے ممالک پر قرضوں کا بوجھ بے قابو ہو چکا ہے۔
پاکستان بغیر اصلاحات قرض ادائیگی کے چکر سے نکلنے کی جدوجہد کر رہا ہے جبکہ پاکستان بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف 7 ارب ڈالر پروگرام بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے،ملک اس وقت ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے دوچار ہے،غیر ملکی ذخائر 4 اعشاریہ 2 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں واپس آئی تو گھریلو اصلاحات کو ترجیح دیں گے،ہماری ٹیم حکمت عملی بنا رہی ہے کہ ملکی اخراجات سے کیسے نمٹیں گے۔

قبل ازیں عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیا جائے گا، علی امین کو اغواء کیا گیا، ڈی پی او نے سیشن جج کو کہا کہ یہ توہین کا کیس ہے، ڈی پی او نے جج کو بتایا کہ علی امین کی کسٹڈی کا حکم اوپر سے آیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغواء کیا گیا۔ یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے، نوازشریف کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیا جائے گا۔ میرے قریبی لوگوں اور لیڈرز کو ہراساں کیا جا رہا ہے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، آئین شکنی کرتے ہوئے ہمارے لوگوں کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے جار ہے ہیں۔