حکمران خوفزدہ ہیں کہ میں انتخابات جیت گیا تو ان کیلئے مشکل ہو جائے گی،عمران خان

الیکشن لڑنے سے روکنے کیلئے مجھ پر 100 سے زائد مقدمات درج کیے گئے،میری جان کو خطرہ ہے کیونکہ یہ لوگ اب بھی اقتدار میں ہیں،چیئرمین تحریک انصاف کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو

لاہور (نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران خوفزدہ ہیں میں انتخابات جیت گیا تو ان کیلئے مشکل ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر آباد میں مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں بال بال بچا تھا،حکومت نے حملے کی تحقیقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی،یہ خوفزدہ ہیں کہ پی ٹی آئی انتخابات جیت گئی تو ان کیلئے مشکل ہو جائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ میرے اوپر دوبارہ حملے کی کوشش کی گئی،میری جان کو خطرہ ہے کیونکہ یہ لوگ اب بھی اقتدار میں ہیں۔ پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے کیونکہ حکومت ناکام ہو چکی ہے،الیکشن لڑنے سے روکنے کیلئے مجھ پر 100 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
قبل ازیں عمران خان نے مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے کہا کہ پورے ملک میں کنٹینرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے۔

آج عوام رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں گے،آج جلسے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا،آج لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔یہ لوگ ہر حربہ استعمال کر کے ظلم کر رہے ہیں،آج لاہور کے عوام نکلیں گے اور تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا،اس ملک کی آزادی کو انہوں نے بالکل ختم کر دیا ہے،ظلم اور تشدد کیخلاف آج ردِعمل آئے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج جلسے میں عوام کے سامنے ساری صورتحال رکھوں گا،لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں جان کی بازی ہار رہے ہیں،جلسے میں بتاؤں گا کہ اس قوم کو کیسے دلدل سے نکالیں گے،حقیقی آزادی کی جنگ کیلئے قربانیاں دینا پڑیں گی۔ جبکہ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی لاہور میں درج تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔