سعودی عرب ایران معاہدے سے تنازعات کے خاتمے کی رفتارمیں اضافہ ہوگا: اقوام متحدہ

نیویارک : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن ہانس گرنڈبرگ نے کہا ہے کہ سعودی عرب،ایران معاہدے سے تنازعات کے خاتمے کی رفتارمیں اضافہ ہوگا۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن ہانس گرنڈبرگ نےسلامتی کونسل میں کہا ہے کہ سعودی عرب اورایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے سے یمن میں جاری تنازعے کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یمن میں تنازعےکے خاتمے کے لیے مختلف سطحوں پرسفارتی کوششیں جاری ہیں،اس وقت ہم علاقائی سطح پر ایک نئی سفارتی رفتار کے ساتھ ساتھ بات چیت کے دائرہ کار میں تبدیلی کو دیکھ رہے ہیں۔

ہانس گرنڈبرگ نے کہا کہ یمن کے متحارب فریقوں کو اس علاقائی اور بین الاقوامی رفتار سے پیش کردہ موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ وہ زیادہ پرامن مستقبل کی جانب فیصلہ کن اقدام کرسکیں۔