انتخابات سے انحراف بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا،شیخ رشید

الیکشن کمیشن اپنا بوجھ شہباز شریف کے گلے میں ڈال رہا ہے،پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے اور ہر ایک نے اپنا حصہ وصول کر لیا،سربراہ عوامی مسلم لیگ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کا تیسری بار انتخاب اور سعودی عرب ایران کے سفارتی تعلقات بحال ہونا انتہائی خوش آئند ہے،آئی ایم ایف کا فیصلہ آنے تک بجلی 14.24 تک فی یونٹ مہنگی ہو جائے گی۔ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ علی بلال کا پورسٹ مارٹم رپورٹ کے باوجود کیس رجسٹر ہوا اور نہ ہی کے پی کے سے الیکشن کی تاریخ آئی،انتخاب سے انحراف بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
کے پی کے میں فضل الرحمان کے سمدھی کی حکومت اور پنجاب میں آصف زرداری کے فرنٹ مین محسن نقوی کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قطر اور یو این میں سیکورٹی دے سکتے ہیں لیکن اپنے ملک کےالیکشن میں سکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے،الیکشن کمیشن اپنا بوجھ شہبازشریف کے گلے میں ڈال رہا ہے۔
ملک کی آئینی قانونی بقاء90 دن میں انتخاب کروانے میں ہے ورنہ ہیجان اورغیریقینی صوتحال ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے،ہرایک نے انگوٹھا رکھ کر اپنا حصہ لے لیا ہے،فضل الرحمان نے ہاؤسنگ،مذہبی اموراور مواصلات دبوچ لیں۔ملک اقتصادی انتظامی اور سماجی بحران میں آ گیا ہے،آئینی اور قانونی بحران شدید ترین ہوتا جارہا ہے اس صورتحال میں سپریم کورٹ آخری امید ہے۔


قبل ازیں آصف زرداری کہتے ہیں ڈیفالٹ ہونا معمول کی بات ہے کیونکہ ان کی دولت پاپڑ والے،دہی بھلے والے کے ذریعے باہر منتقل ہو چکی ہے۔
آئی ایم ایف سے معاملات طے نہیں ہو پا رہے۔حکومت غریب کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے مفادات حل کر رہی ہے،پاکستان کو غریب کیلئے ڈیتھ زون بنا دیا ہے۔ اس حکومت کا مسئلہ بے روزگاری،مہنگائی اور معاشی تباہی نہیں صرف عمران خان کی گرفتاری ہے جومہنگی پڑے گی اوربڑی غلطی ثابت ہو گی۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بھی اگرحکومت نہیں مانتی تو پھر قوم کدھرجائے؟حکومتی اتحاد میں پھوٹ پڑ چکی ہے،دو نہیں ایک انتخاب ہو گا اور اس کا فیصلہ بھی جلد ہو گا۔