پی ڈی ایم نے کے پی کے میں قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشنز کا بائیکاٹ کر دیا

یہ نشستیں تحریک انصاف نے خالی کیں، وہی الیکشن کا شوق پورا کریں، پی ڈی ایم کا خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

پشاور (نیوز ڈیسک) پی ڈی ایم نے کے پی کے میں قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشنز کا بائیکاٹ کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے ضمنی الیکشنز کا بائیکاٹ کی پالیسی جاری رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے کوئی بھی امیدوار این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور کے حلقوں پر کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گا۔
مذکورہ نشستوں کے لیے کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 مارچ ہے۔ترجمان پی ڈی ایم خیبرپختونخوا عبدالجلیل جان نے کہا کہ ہماری پالیسی اور فیصلہ ہے کہ اب کسی ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔
صرف عام انتخابات کی تیاری جاری ہے اور عام انتخابات میں ہی حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا یہ نشستیں تحریک انصاف نے خالی کیں، وہی الیکشن کا شوق پورا کریں۔

خیال رہے کہ 21 فروری2023ء کو عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے صوبے کے قومی اسمبلی کے خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے انتخابی سیاست کو مذاق بنایا ہوا ہے۔ پہلے ایک امیدوار کو کئی نشستوں پر کھڑا کرکے قوم کے اربوں روپے ضائع کیے گئے۔ ایک طبقہ سیاست میں عدم برداشت پیدا کرنے اور پارلیمنٹ کی بے توقیری کی کوششوں میں مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے تین مہینوں کیلئے قوم کے کروڑوں خرچ کرنا زیادتی ہوگی۔ اے این پی نے 18حلقوں کیلئے امیدواران کا اعلان کیا تھا، ہر وقت انتخابات کیلئے تیار ہیں۔ عام انتخابات کا اعلان کل بھی ہو تو اے این پی بھرپور قوت کے ساتھ میدان میں ہوگی۔ایمل ولی خان نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی گئی تھی۔تمام اتحادیوں کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے بعد اے این پی نے مشاورت سے فیصلہ کرلیا۔ کارکنان و ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے قلیل وقت میں بھرپور انتخابی مہم چلائی۔