حکومت سمجھتی ہے عمران خان کو جیل میں ڈالا تو الیکشن جیتنے میں آسانی ہو گی،شاہ محمود قریشی

گرفتاری کی صورت میں قانونی دفاع کریں گے،مائنس ون فارمولا کسی دور میں بھی نہیں چلا،وائس چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے،حکمران سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا تو الیکشن جیتنے میں آسانی ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مائنس ون فارمولا اپنانے کا بھی سوچتے ہیں لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے،مائنس ون فارمولا کسی دور میں بھی نہیں چلا،یہ نادان دوست ہیں تاریخ کے دھارے کو نہیں سمجھتے۔
حکومت وقت کی کوشش ہے کہ عمران خان کو پابند سلاسل کیا جائے،گرفتاری کی صورت میں قانونی دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عمران خان کو سلیکٹڈ کہتی تھی جو غلط ہے،الیکشن ہو جائیں تو پھر معلوم ہو جائے گا الیکٹڈ کون ہو گا،یہ جماعتیں ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی رقم نکالنا چاہتی تھیں۔
عمران خان کہتے ہیں جنہوں نے ملکی دولت کو لوٹا وہ جوابدہ ہیں،ہم نے کبھی شفاف اور منصفانہ الیکشن سے کبھی انکار نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہو گی،نواز شریف کو نااہل پی ٹی آئی یا عمران خان نے تو نہیں کیا،ہم نے اپنی پسند نا پسند مسلط نہیں کی۔ قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلے ہفتے مریم نواز کا سارا زور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کیخلاف تھا کہ انہوں نے نواز شریف کو نااہل کیا،انہیں یاد کرایا گیا کہ ثاقب نثار نواز شریف کو نااہل کرنیوالے بینچ میں شامل ہی نہیں تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیڑھ سال پندرہ دوسرے جج صاحبان مختلف بینچز میں یہ کیس سنتے رہے اور سب ہی اس نتیجے پر پہنچے۔ اب مریم نواز اس ہفتے سابق چیف جسٹس آصف کھوسہ کے بارے میں کہہ رہی ہیں وہ مدت ملازمت میں توسیع چاہتے تھے اور نواز شریف سے درخواستیں کر رہے تھے۔ اب اگرکوئی انہیں آئین پڑھا ہی دے تو معلوم ہو،ججز کو مدت ملازمت میں توسیع دینا آرٹیکل 179 کے مطابق وزیر اعظم کا اختیار ہی نہیں کیونکہ آئین نے عمر کا تعین کر دیا ہے۔