وزیر داخلہ نے عورت مارچ میں بدنظمی، خواتین پر پولیس تشدد کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عورت مارچ میں بد نظمی اور خواتین پر پولیس کے تشدد کا نوٹس لے لیا، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے خواتین مارچ کی شرکاء سے پولیس کی بدسلوکی کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اسلام آباد کو طلب کر لیا، وزیر داخلہ نے آئی جی پولیس اسلام آباد پر اظہار برہمی کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خواتین شرکاء کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر انتہائی معذرت خواہ ہوں، خواتین انتہائی قابل احترام ہیں، واقعے پر دلی افسوس ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گے۔

وزیر داخلہ کے نوٹس پر پولیس حکام نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو لاٹھیاں مارنے والے 3 اہلکاروں کو معطل کر دیا، پولیس کے مطابق مزید ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔