پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، اوگرا نے سمری حکومت کو بھجوا دی

اسلام آباد:(نیوز ڈیسک) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر کے سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق دو تجاویز حکومت کو بھجوائی گئی ہیں، پہلی تجویز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر 2 سے 5 فیصد فی لٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی ہے، ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لٹر لیوی عائد کرنے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی ہے۔

دو فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے تک اضافہ کیا جا سکتا ہے، 5 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائے تو پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافہ ممکن ہے، ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجویر دی گئی ہے، گزشتہ 15 دنوں میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی۔

اوگرا نے دوسری سمری میں تجویز دی ہے کہ عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر خزانہ، وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کریں گے۔