علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی،سمسٹر بہار 2023ء کے داخلوں کی آخری تاریخ 15فروری ہے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2023ء کے پہلے مرحلے میں پیش کئے گئے بی ایس، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کی بدھ 15فروری آخری تاریخ ہے جبکہ میٹرک، ایف اے اور آئی کام کے داخلے 21فروری تک جاری رہیں گے۔ یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی، ایم ایس اور ایم فل پروگراموں میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ کا شیڈول بھی جاری کیا ہے، اِن پروگراموں کے انٹری ٹیسٹ یونیورسٹی کے مین کیمپس کے اکیڈمک کمپلیکس میں 17تا22فروری منعقد ہونگے۔
انٹری ٹیسٹ کا شیڈول یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2022ء کے میٹرک، ایف اے، ایف ایس سی اور آئی کام پروگراموں کے فائنل امتحانات ملک بھر میں ایک ساتھ یکم مارچ سے شروع ہوں گے جو 3۔
اپریل تک جاری رہیں گے۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق یونیورسٹی نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جبکہ رول نمبر سلپس طلبہ کے سی ایم ایس اکاؤنٹ پراپ لوڈ کردی گئی ہیں۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمودنے طلبہ کورہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر امتحانی سہولت فراہم کی ہدایات دی تھی جس کی بنیاد پر ملک بھر میں امتحانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں جن میں طلبہ کے لئے بنیادی سہولتوں کا خیال رکھا جائے گا۔امتحانات میں نقل کے رجحان کے خاتمہ کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو امتحانی مراکز کے سرپرائز وزٹ کریں گے۔