راولپنڈی ، والدین کو زندہ جلانے کے مقدمہ میں نامزد بیٹے کو جرم ثابت ہونے پر 2مرتبہ عمر قید کی سزا کا حکم

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نتاشہ نسیم سپرا نے تھانہ دھمیال کے علاقے میں والدین کو زندہ جلانے کے مقدمہ میں نامزد بیٹے کو جرم ثابت ہونے پر 2مرتبہ عمر قید کی سزا،مقتولین کے قانونی ورثا کومجموعی طور پر6لاکھ روپے بطور ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔
تھانہ دھمیال پولیس نے گزشتہ سال9جون کو مقتول کے بیٹے احسن شہزاد کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302اور324کے تحت مقدمہ نمبر درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ گھر کی نچلی منزل میں رہائش پذیر بڑے بھائی نے بیوی کے ساتھ جھگڑا کرنے پر والدین پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔

گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو2مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی ہے عدالت نے مقتول کے ورثا کو3،3لاکھ روپے بطور ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے عدم ادائیگی ہرجانہ کی صورت میں ملزم کومزید6ماہ قید بھگتنا ہوگی عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کی جانب سے ہرجانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اس کی جائیداد فروخت کر کے مطلوبہ رقم وصول کی جائے ۔