وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی پاراچنار میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے اپنے آبائی ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ لوگوں نے وفاقی وزیر کو انفرادی اور اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کھلی کچہری میں موجود افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضم ہونے والے اضلاع تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور علاقے میں امن و امان اور ترقی کے لیے یہاں کے لوگوں کا شعور بڑھ رہا ہے اور عوام انفرادی مسائل کی بجائے اجتماعی تعمیر و ترقی کے پرزور مطالبات کر رہے ہیں، جو خوش شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اور صحت، تعلیم اور ترقیاتی کاموں سے ضلع کرم میں انقلاب برپا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ تمام مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی ہے کہ منتخب نمائندے عوام کے پاس جائیں اور ان کے مسائل حل کریں۔انہوں نے ضلع کرم کے لوکل باڈیز گورنمنٹ کے منتخب نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سنے ۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ مستقبل کے فیصلے خود کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو ضم کرتے وقت قبائلی عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں ہو سکے لیکن اب ان تمام وعدوں کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے منتخب نمائندوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ان پر زور دیا کہ وہ گاؤں اور متعلقہ یونینز میں لوگوں کے مسائل حل کریں اور تعمیر و ترقی میں بھرپور دلچسپی لیں۔اس موقع پر عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے جو ہمیشہ عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔