کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کا آر ڈی اے کا دورہ،حکام کو راولپنڈی ماسٹرپلان فوری تیار کرنے کی ہدایت

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی کا ماسٹر پلان فوری تیار کیا جائے، علاقائی ترقیاتی منصوبے اور اربن گروتھ کو حتمی شکل دینے میں ڈویژنل انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کر ے گی۔ گزشتہ روز کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے کے دورہ کیا۔
ڈی جی آر ڈی اے نے کمشنر راولپنڈی کو آر ڈی اے کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات اور ترقیاتی پراجیکٹس بشمول راولپنڈی رنگ روڈ، نالہ لئی ایکسپریس وے، کچہری چوک راولپنڈی، آر ڈی اے پارکنگ پلازہ فوارہ چوک راولپنڈی اور دیگر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر راولپنڈی نے پراجیکٹس کو جلد از جلد شروع کرنے اور دیانتداری سے کام کرنے کی ہدایت کی، راولپنڈی کا ماسٹر پلان فوری تیار کیا جائے، علاقائی ترقیاتی منصوبے اور اربن گروتھ کو حتمی شکل دینے میں ڈویژنل انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے آر ڈی اے کو تعاون کا یقین دلایا۔
مینجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی محمد تنویر نے واسا کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی نے واسا کو ریونیو بڑھانے اور پانی کے نرخوں میں بھی اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہاستحکام کے لئے جرأت مندانہ اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پر چیف انجینئر آر ڈی اے ڈاکٹر حبیب الحق رندھاوا، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس آر ڈی اے اور لینڈ ڈویلپمنٹ ملک غضنفر علی، ڈائریکٹر انجینئرنگ عامر رشید، ڈائریکٹر انجینئرنگ محمد انور باران، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آصف محمود جنجوعہ، ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول جمشید آفتاب، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای طاہر میو اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر آرکیٹیکچر شجاع علی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ آر ڈی اے سمیع اللہ نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی داؤد خالد اور آر ڈی اے اور واسا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔