ڈنمارک نے تیسری مرتبہ مینز ہینڈ بال چیمپئن شپ جیت لی

سٹاک ہوم : (سپورٹس ویب ڈیسک ) ڈنمارک نے مینز ہینڈ بال ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں اولمپک چیمپئن فرانس کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ڈنمارک کی ٹیم نے فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف فرانس کی ٹیم کو 29 کے مقابلے میں 34 گول سے شکست دی۔

مینز ہینڈ بال ورلڈ چیمپئن شپ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں سپین کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ، ہسپانوی مینز ہینڈ بال ٹیم نے تیسری پوزیشن کے میچ میں حریف اور میزبان سویڈن کی ٹیم کو 35 کے مقابلے میں 39 گول سے شکست دی۔

اسی طرح مینز ہینڈ بال ورلڈ چیمپئن شپ میں جرمنی کی ٹیم نے پانچویں جبکہ مصر کی ٹیم نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ مینز ہینڈ بال ورلڈ چیمپئن شپ آئندہ سال جرمنی میں ہو گی۔