ایران مخالف اقدامات امریکا کی منافقانہ پالیسیوں کا عکس ہیں ، ایرانی وزارت خارجہ

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران مخالف اقدامات امریکا کی منافقانہ پالیسیوں کا عکس ہیں ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ امریکا کی ایران کے خلاف ان گنت معاندانہ اقدامات میں دہشت گردی کی حمایت، ایران پر دباو اور یکطرفہ پابندیاں اس کی منافقانہ پالیسیوں کو ظاہر کرتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ان اقدامات سے ایرانی عوام کے خلاف امریکی حکام کی منافقت اور انسانی حقوق کے مسائل کو “سیاست کے لیے استعمال کرنے کا رویہ صاف ظاہر ہوتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور کے خلاف امریکا کے بے بنیاد الزامات اسی لیے لگائے جا رہے ہیں کیونکہ یہ ایرانی ریاست کا ایک اہم ستون ہے ، اور اس کے وجود نے خطے میں اسرائیل کے اقدامات اور مشرق وسطیٰ میں امریکہ کی بالادستی کی حکمت عملی کو نقصان پہنچایا ہے۔