پاک سوزوکی موٹرز نے گاڑیوں کی قیمت میں یکدم لاکھوں روپے کا اضافہ کر دیا

موجودہ معاشی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے خام مال کی قیمتوں میں اضافے نے کمپنی کیلئے گاڑیوں کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنا مشکل بنا دیا ہے، ترجمان پاک سوزوکی موٹرز

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) پاک سوزوکی موٹرز نے گاڑیوں کی قیمت میں یکدم لاکھوں روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ ترجمان پاک سوزوکی موٹرز نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے خام مال کی قیمتوں میں اضافے نے کمپنی کیلئے گاڑیوں کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔ پاک سوزوکی موٹرز کے ترجمان شفیق احمد شیخ کے مطابق کمپنی کے وینڈرز اور ڈیلرز کے لیے یہ بہت نازک وقت ہے کیونکہ پیداوار اور فروخت نہ ہونے کی وجہ سے سب ہی پریشان ہیں۔
ترجمان پاک سوزوکی موٹرز نے مزید کہا ہے کہ انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافے کے ذریعے مارکیٹ کے منفی اثرات کے بہت کم حصے کو صارفین پر منتقل کرنے پر مجبور ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 25 جنوری سے ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں بھی پاک سوزوکی موٹرز نے گاڑیوں کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ کیا تھا۔ سوزوکی نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی آلٹو وی ایکس کی قیمت میں 3لاکھ 14ہزار روپے اضافہ کیا تھا، جس کے بعد نئی قیمت 17لاکھ 89 ہزار روپے ہو گئی تھی اس طرح آلٹو وی ایکس آر 3لاکھ 46ہزار روپے اضافے کے بعد 20 لاکھ 79 ہزار ، آلٹو اے جی ایس 3 لاکھ 88 ہزار روپے اضافے کے بعد 23 لاکھ 39 ہزار روپے کی ہو گئی تھی۔

سوزوکی کی کلٹس تو 30 لاکھ روپے کا ہندسہ بھی عبور کر گئی تھی، اور اب اس کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ کلٹس کے بنیادی ماڈل وی ایکس آر کی قیمت 5 لاکھ 49 ہزار روپے بڑھائی گئی تھی جس کے بعد یہ گاڑی صارفین کیلئے 28 لاکھ 79 ہزار روپے میں دستیاب تھی جبکہ کلٹس وی ایکس ایل کی قیمت خرید 5 لاکھ 95 ہزاراضافے کے بعد 31 لاکھ 59 ہزار روپے ہو گئی تھی۔ کلٹس اے جی ایس کی قیمت میں 6 لاکھ 17 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 33 لاکھ 79 ہزار روپے مقرر کر دی گئی تھی جبکہ پرانی قیمت 27 لاکھ 62 ہزار روپے تھی ۔
ویگن آر وی ایکس آر کی قیمت میں 4 لاکھ 65 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے اور نئی قیمت 25 لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی تھی۔ ویگن آر وی ایکس ایل 5 لاکھ اضافے کے بعد 26 لاکھ 99 ہزار، ویگن آر اے جی ایس ساڑھے پانچ لاکھ اضافے کے بعد 29 لاکھ 49 ہزار روپے کی ہو گئی تھی۔سویفٹ ایم ٹی 5 لاکھ 75 ہزار، سویفٹ سی وی ٹی 6 لاکھ ایک ہزار اور سویفٹ جی ایل ایس سی وی ٹی 6 لاکھ 61 ہزار روپے مہنگی کر دی گئی تھی، جس نے بعد ان کی نئی قیمتیں 33 لاکھ 49 ہزار، 35 لاکھ 99 ہزار، 39 لاکھ 59 ہزار روپے ہو گئی ہے ۔، بولان وین اور کارگو کی قیمت دو لاکھ 51 ہزار روپے اضافے کے بعد 15 لاکھ 79 ہزار اور 15 لاکھ 66 ہزار روپے ہو گئی تھی۔