ڈالر کو کیپ لگانے کی وجہ سے بلیک مارکیٹ بڑھ گئی: ملک بوستان

کراچی: (کامرس ڈیسک) ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے کہا ہے کہ ڈالر پر کیپ لگانے سے نقصان ہوا، کیپ لگانے کی وجہ سے ڈالر کی بلیک مارکیٹ بڑھ گئی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ملک بوستان نے کہا کہ ڈالر سے فوری طور پر کیپ ختم کر رہے ہیں اس معاملے پر سٹیٹ بینک کو اعتماد میں لے لیا ہے، بلیک مارکیٹ کا بھرپور مقابلہ کریں گے، ایکسچینج کمپنیز کو ڈالر کہیں سے نہیں مل رہا اور لوگ ڈالر فروخت کرنے نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ زیادہ تر ڈالر خریدنے آ رہے ہیں، ہمیں ڈالر کو مارکیٹ ریٹ پر بیچنا چاہیے، ڈالر کا ریٹ ایک ہوگا تو اسکی قیمت میں استحکام آئے گا، بلیک اور انٹر بینک میں ریٹ کے فرق کو کم کرنا ضروری ہے، لوگ صرف ضرورت کیلئے ڈالر خریدیں اس میں سرمایہ کاری نہ کریں۔