آٹےکے لیے احتجاج کے دوران بزرگ شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

آزاد کشمیر میں بھی آٹےکی قلت برقرار ہے، سرکاری آٹےکی قیمت میں ہوشربا اضافے اور عدم فراہمی کے خلاف نکیال میں گزشتہ روز جندروٹ کے مقام پر احتجاج کیا گیا

جندروٹ ( نیوز ڈیسک ) آزاد کشمیر میں آٹےکے لیے احتجاج کے دوران بزرگ شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا ہو گیا۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی آٹےکی قلت برقرار ہے، سرکاری آٹےکی قیمت میں ہوشربا اضافے اور عدم فراہمی کے خلاف نکیال میں گزشتہ روز جندروٹ کے مقام پر احتجاج کیا گیا۔ ایک بزرگ شہری آٹے کے حصول کے لیے آٹا ڈپو کے باہر سستے آٹے کی فراہمی اور آسان ترسیل کی دہائی دیتا رہا۔

اسی دوران بزرگ شہری کی حالت بگڑ گئی جسے قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دم توڑ گیا۔ متعلقہ فوڈ انسپکٹرکا کہنا ہےکہ جتنا آٹا آتا ہے فوری تقسیم کر دیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل میر پور خاص میں بھی سسٹے آٹے کے اسٹال پر بھگدڑ میں گرکر دم گھٹنے سے ایک شخص انتقال کرگيا تھا۔

نجی ٹی وی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کا وسیع اسٹاک ہونے کے باوجود آٹا بحران پیدا ہوا، ملک میں گندم کا 44 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک موجود ہے۔

ذرائع نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ گندم کا موجود اسٹاک اپریل کے آخر تک کیلئے کافی ہے، 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم موجود اسٹاک کے علاوہ موجود ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے پاس 106دن کا 22 لاکھ 5 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک ہے، سندھ کے پاس 98 دن کی 8 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے، کے پی کے پاس 152 دن کی 6 لاکھ 46 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کی جانب سے ملوں کو وعدوں کے باوجود کم گندم جاری کی جا رہی ہے، سرکاری گندم کم جاری ہونے سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ یومیہ 10 ہزار کی بجائے 8 ہزار میٹرک ٹن گندم ملوں کو دے رہا ہے، پنجاب سرکاری گندم 25 ہزار کی بجائے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کرتا رہا، بلوچستان 1 ہزار کی بجائے 350 میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی سرکاری گندم 6 ہزار کی بجائے 4500 میٹرک ٹن یومیہ گندم جاری کر رہا ہے، سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار من مقرر ہونے سے ذخیرہ اندوزی بڑھ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے پاسکو کے پاس موجود اپنے کوٹے کی گندم اٹھانے سے گریزاں ہیں، بلوچستان بھی پاسکو کی گندم مہنگی قرار دے کر اٹھانے سے گریزاں ہے۔