مقدمے درج کروائے جا رہے ہیں، یہ ظلم ختم ہونا چاہیے: قاسم سوری

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف توہین رسالت، توشہ خانہ اور دہشتگردی کے مقدمے درج کروائے جا رہے ہیں، اس ظلم کو ختم ہونا چاہیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد جس طرح کیسز بنائے گئے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، کوئی بھی کیس ہو ایف آئی اے دبانے کی کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 اپریل کو پہلی مرتبہ کسی جاتی ہوئی حکومت کے لئے عوام سڑکوں پر نکلے، جمہوریت کو پھلنے پھولنے دینا چاہیے، جب تک لوگوں کو موقع نہیں دیں گے جمہوریت آگے نہیں جا سکتی۔

سابق ڈپٹی سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی، بلوچستان میں نامعلوم کالز پر لوگوں کو ایک خاص طرف بھیجا جا رہا ہے، خان صاحب نے بھی کہا ہے کہ لوگوں کو پیپلز پارٹی کی طرف بھیجا جا رہا ہے، اس سب سے بلوچستان میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔