اٹلی،سکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی،سسلین مافیا گروہ کا سرغنہ گرفتار

سسلی: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) اطالوی سکیورٹی اداروں نے سسلی میں کارروائی کرتے ہوئے سسلین مافیا کے بڑے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سسلین مافیا کے گرفتار سرغنہ کا نام میٹیو میسینا ڈینارو ہے جو سکیورٹی اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، ملزم پر منی لانڈرنگ، منشیات سمگلنگ اور متعدد افراد کو قتل کرنے کے الزامات ہیں۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے میٹیو میسینا ڈینارو کو سسلی میں ایک نجی کلینک میں کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا جس کے بعد اسے سخت سکیورٹی میں نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا، ملزم سالوں سے اطالوی سکیورٹی اداروں کو چکمہ دینے اور بچ نکلنے میں کامیاب ہوتا رہا تھا۔

خیال رہے کہ سال 1992ء میں مافیا سرغنہ میٹیو میسینا ڈینارو کی غیر موجودگی میں اس پر ایک مقدمہ چلایا گیا تھا، مقدمے میں عدالت نے متعدد افراد کے قتل کے جرم میں اسے عمر قید کی سزا بھی سنائی تھی۔