ایم کیوایم کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں اہم اعلان متوقع

ایم کیوایم کا وفاقی کابینہ اور حکومت سے علیحدگی کے آپشنز پر غور، رابطہ کمیٹی نے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کرلئے ہیں

کراچی (نیوز ڈیسک ) ایم کیوایم کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں اہم اعلان متوقع ہے، ایم کیوایم کا وفاقی کابینہ اور حکومت سے علیحدگی کے آپشنز پر غور، رابطہ کمیٹی نے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کرلئے ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق کراچی میں ایم کیوایم کے بہادرآبادمرکز میں ایم کیوایم پاکستان کا اجلاس جاری ہے، جس میں ایم کیوایم کی جانب سے وفاقی کابینہ اور حکومت سے علیحدگی کے آپشن پر غور، اجلاس میں حکومت چھوڑنے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا، رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کرلئے ہیں۔
ایم کیوایم کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں اہم اعلان متوقع ہے، ایم کیوایم پاکستان نے کل ایم سی گراوٴنڈ میں جنرل ورکرزاجلاس طلب کررکھا ہے۔
ایم کیوایم رہنماء خواجہ اظہار نے کہا کہ بعض ارکان کی رائے کہ اگر 15جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہوا تو حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے، میں نہیں سمجھتا کہ 15 جنوری کو الیکشن ہو پائیں گے۔دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے، کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی کرانے کا فیصلہ سنا دیا ۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد کی صورتحال پر بھی غورکیا گیا، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر، ممبران، سپیشل سیکرٹری، ڈی جی لاء ، ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سندھ میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے ہنگامی اجلاس میں سندھ حکومت کے اقدام پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف سخت کارروائی پر بھی غورکیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں کوئی بھی بلدیاتی انتخاب کرانا نہیں چاہتیں، اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کا سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے دو دن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا اقدام کیا۔الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا کہ کراچی ڈویژن ، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے، جلد ایک آرڈر جاری کریں گے، وزارات داخلہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنائے۔