تازہ ترین سروے میں عمران خان ملک کے سب سے مقبول لیڈر قرار

آئی آر آئی ایس سروے نتائج کے مطابق بلاول بھٹو محض 1 فیصد عوام کا اعتماد حاصل کر سکے، شہباز شریف پر عوام کی جانب سے اعتماد کرنے سے انکار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم اور چئیرمین پیپلز پارٹی ملک کے سب سے غیر مقبول لیڈرز قرار، آئی آر آئی ایس سروے نتائج کے مطابق بلاول بھٹو محض 1 فیصد عوام کا اعتماد حاصل کر سکے، شہباز شریف پر عوام کی جانب سے اعتماد کرنے سے انکار۔ ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی آر آئی ایس نامی ادارے کی جانب سے عوامی رائے پر مبنی تازہ ترین سروے میں ملک کے لیڈروں کی مقبولیت جاننے کی کوشش کی گئی۔

سروے میں عمران خان 56 فیصد کے ساتھ ملک کے سب سے مقبول لیڈر قرار پائے، جبکہ پی ڈی ایم قیادت مجموعی طور پر بھی پی ٹی آئی چئیرمین کے مقابلے میں نصف مقبولیت بھی حاصل نہ کر سکی۔ سروے کے دوران 56 فیصد افراد نے عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے چئیرمین ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتے ہیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو 19 فیصد، پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کو 2 فیصد، بلاول بھٹو کو محض 1 فیصد عوام کا اعتماد حاصل ہو سکا۔
ملک کے وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 0 فیصد عوام کی حمایت حاصل کر سکے، یعنی ملک کے سب سے غیر مقبول لیڈر قرار پائے۔ یوں عمران خان کی 56 فیصد مقبولیت کے مقابلے میں وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں کی قیادت مجموعی طور پر بھی محض 22 فیصد عوامی حمایت حاصل کر سکی۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آئی آر آئی ایس کا سروے ہمارے مقتدر حلقوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہئے،79 فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔
فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سروے کے مطابق 59 فیصد افراد کی مالی حالت پچھلے سال سے بدتر ہوئی ہے اور 71 فیصد لوگ فوری انتخابات چاہتے ہیں۔