حکومتی اقدامات کے باوجود آٹے کی قلت ختم نہ ہو سکی، شہری خوار

لاہور: (کامرس ڈیسک) حکومتی اقدامات کے باوجود آٹے کی قلت ختم نہ ہو سکی، سرکاری سکیم کے تحت ملنے والا آٹا طلب کے مقابلے میں کم پڑ گیا، شہری لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر آٹا خریدنے کیلئے خوار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں آٹے کا بحران عوام کیلئے کڑا امتحان بن گیا ہے، شہری سستا آٹا خریدنے کیلئے دن بھر خوار ہونے لگے ہیں، سرکاری سکیم کا آٹا مارکیٹ کی طلب سے کم ہو گیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر سستے آٹے کے پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، مخصوص کردہ پوائنٹس پر ایک شناختی کارڈ پر ایک ہی آٹے کا تھیلا فراہم کیا جا رہا ہے، آٹا پوائنٹس پر10 کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت 648 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1295 روپے میں فروخت کیا جانے لگا ہے۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں عام برانڈ اور کھلا آٹا من مانی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، کھلا سرخ آٹا 120 جبکہ چکی اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نئی ریٹ لسٹ کے مطابق چکی کے آٹے کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ کیا گیا جس کے بعد آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق چکی آٹا مالکان نے 2 ماہ میں مسلسل 8 ویں بار قیمت بڑھائی ہے۔

روز بروز بڑھتی قیمتوں پر شہریوں نے سرکاری سکیم کے آٹے کے تھیلے مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔