مہنگائی کا جن بے قابو، عوام کیلئے سبزیاں اور پھل خریدنا بھی مشکل ہوگیا

لاہور: (کامرس ڈیسک) لاہور شہر میں مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں، سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا جبکہ منڈیوں میں مافیاز بے لگام ہو چکے ہیں، سبزیوں اور پھلوں کے من چاہیے دام وصول کئے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیاز 220 روپے سرکاری قیمت کے بجائے 250 ، ٹماٹر 65 کے بجائے 90 اور لہسن چائنہ 295 روپے کے بجائے 390 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، ادرک 365 روپے کے بجائے 450 اور دیسی لیموں 100 روپے فی کلو میں بیچے جا رہے ہیں۔

اسی طرح فارمی ٹینڈے 58 کے بجائے 70 ،آلو 34 کے بجائے 50 ، اروی 160 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

دوسری جانب پھلوں کے قیمتیں بھی سرکاری ریٹ کے برعکس وصول کی جا رہی ہیں، سیب کالا کُلو 250 روپے فی کلو جبکہ درجہ اول سیب 350 روپے فی کلو تک بک رہا ہے، پپیتا درجہ اول 270 روپے میں بیچا جا رہا ہے، کھجور ایرانی 345 روپے سرکاری نرخ کے بجائے450 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ کیلوں کی فی درجن قیمت 140 روپے تک جا پہنچی ہے۔

شہری سبزیوں کی قیمتیں سن کر پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں گوشت تو دور سبزی اور پھل کھانا بھی مشکل ہوتا چلا جا رہا ہے۔