دسمبر کے دوران ملکی تجارتی خسارے میں 2.3 فیصد اضافہ ریکارڈ

کراچی: (کامرس ویب ڈیسک) گزشتہ سال کے آخری ماہ کے دوران ملکی تجارتی خسارے میں مجموعی طور پر 2.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برآمدات 3.64 فیصد اور درآمدات 0.41 فیصد کم رہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بیناد پر دسمبر میں ملکی برآمدات 2 ارب 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہیں، جبکہ درآمدات 5 ارب 16 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر میں سالانہ بیناد پر تجارتی خسارے میں 40.68 فیصد کمی آئی، ماہ دسمبر کے دوران سالانہ بنیاد پر درآمدات 31.91 فیصد اور برآمدات 16.64 فیصد کم ہوئیں۔

علاوہ ازیں جولائی تا دسمبر تجارتی خسارے میں 32.63 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی،6 ماہ کے دوران درآمدات 22.63 فی صد کمی کے ساتھ 31 ارب 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ برآمدات 5.79 فیصد کمی کے ساتھ 14 ارب 24 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہیں۔