ارشد شریف قتل کیس،جے آئی ٹی کے بیرون ملک جانے کے انتظامات مکمل

جے آئی ٹی کیلئے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی گئی،جلد کینیا کا دورہ کرے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سنیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات،اسپیشل جے آئی ٹی کے بیرون ملک جانے کے انتظامات مکمل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل جے آئی ٹی کے بیرون ملک جانے کیلئے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی گئی ہے،اسلام آباد کیپٹل پولیس نے جے آئی ٹی کیلئے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔اسپیشل جے آئی ٹی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جلد کینیا کا دورہ کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے سنیئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی اسپیشل جے آئی ٹی کو فنڈز کے اجرا میں تاخیر کا سامنا رہا جبکہ کینیا میں سفارتخانے کا تفتیش کاروں کو سہولت دینے سے متعلق بھی جواب کا انتظار کرنا پڑا۔ ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے دبئی اور کینیا کے دورے کیلئے فنڈز کے اجرا کی درخواست کی تھی۔
جے آئی ٹی کنوینر ڈی آئی جی اسلام آباد کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی،5 ارکان کے سفر اور رہائش کے اخراجات پورے کرنے کیلئے 1 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی تھی جس پر وزارت داخلہ نے سرکاری عہدیداروں کے غیر ملکی دوروں پر پاپندی کا حوالہ دیا۔ پابندی کی وجہ سے دورے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی اور نہ ہی جاری کئے گئے۔ فنڈز صرف کابینہ ڈویژن کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ جاری کرے گا،وزارت خزانہ کی درخواست منظور ہوئی تو معاملہ وزیراعظم کو بھجوا دیا جائے گا۔
یہ بھی خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسپیشل جے آئی ٹی نے ارشد شریف کی والدہ کا بیان قلمبند کیا،اسپیشل جے آئی ٹی نے ارشد شریف کی والدہ اور فیملی سے ملاقات کی۔ ایس جے آئی ٹی نے ارشد شریف کی والدہ کا بیان قلمبند کیا جبکہ اس سے پہلے بھی جے آئی ٹی نے 26 گواہان کے بیانات قلم بند کیے،مزید اہم گواہوں کو بھی طلب کیا گیا۔ارشد شریف قتل کیس کی ایس جے آئی ٹی کا آٹھواں اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ اب تک 26 گواہوں کی شہادتیں قلمبند ہوچکی ہیں۔