قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹرسرفرازاحمد نے اکیسویں نصف سنچری داغ دی

کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں نصف سنچری داغ دی ، کیویز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی جاری سیریز میں یہ ان کی یکے بعد دیگرے تیسری نصف سنچری ہے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بدھ کو سرفرازاحمد نے پہلی اننگز میں ایک اور نصف سنچری بناڈالی۔
انہوں نے اپنی نصف سنچری میں 61 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 چوکے لگائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی انہوں نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔35 سالہ کرکٹر سرفراز احمد تقریباً چارسال بعد پہلے ٹیسٹ میچ کی پلیئینگ الیون میں شامل ہوئے تھے جبکہ وہ اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوم سیریز کھیل رہے تھے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 86 اور دوسری اننگز میں 53 رنز بنائے تھے۔سرفرازاحمد نے اب تک 50 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے 3 سنچری اور 20 نصف سنیچریاں بنائی ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 112 رنز ہے، انہوں نے 88 اننگز میں 2796 رنز بنائے ہیں اور وہ 13 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے ہیں۔وکٹ کیپنگ میں انہوں نے 147 کیچ اور21 سٹیمپ آئوٹ کئے ہیں۔