بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بھائی کار حادثے میں زخمی

گاڑی سڑک پر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، حادثے کے وقت ان کا قافلہ بھی ان کے ساتھ تھا

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بھائی پراہلاد مودی کار حادثے میں زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پراہلاد مودی کی گاڑی کو حادثہ ریاست کرناٹک کے شہر میسور کے قریب پیش آیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ پراہلاد مودی، اپنی بیوی، بیٹے، بہو اور پوتے کے ساتھ باندی پورہ جا رہے تھے کہ دوپہر دو بجے کے قریب گاڑی سڑک پر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، حادثے کے وقت ان کا قافلہ بھی ان کے ساتھ تھا۔

سوشل میڈیا پر جائے وقوعہ کی تصاویر میں دیکھا گیا کہ کار کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پراہلاد مودی کے پوتے کی ٹانگ میں فریکچر ہوا جبکہ دیگر کو معمولی زخم آئے جنہیں میسور کے مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہناہے کہ ایک بچے کو فریکچر ہوا ہے باقی سب معمولی زخمی ہوئے، سب خطرے سے باہر ہیں۔