چین میں کورونا کے بڑھتے کیسز، عالمی ادارہ صحت کا اظہار تشویش

بیجنگ : (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پرعالمی ادارہ صحت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے جاری بیان میں کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کے لیے چینی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ، صورتحال کے جامع جائزے کے لیے چین میں کورونا کیسز کی تفصیلی معلومات درکار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق چین میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد سے کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

کورونا کیسز میں اضافے پر چین میں اگلے برس عالمی وبا سے 10 لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق اگرچہ چین نے دیگر ممالک کی طرح پابندیوں میں نرمی کی ہے لیکن عوام میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت کم ہونے اور عمر رسیدہ افراد میں ویکسین لگوانے کا رجحان نہ ہونے کے سبب چین کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔