ایران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے جڑی چار آپریشنل ٹیموں کے کارندے گرفتار

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے جڑی 4 آپریشنل ٹیموں کے کارندے گرفتار کر لیے گئے ہیں ۔ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے میڈیا کو بتایا کہ انٹیلی جنس فورسز کی 24گھنٹے اور سخت کوششوں کے بعد موساد کی جاسوسی ایجنسی سے وابستہ 4 آپریشنل ٹیموں کا سراغ لگایا گیا اور ان کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ ہفتوں کے دوران ہونے والے حالیہ فسادات سے فائدہ اٹھایا اور ایران کے کئی علاقوں میں متعدد ہائبرڈ دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔وزارت سراغ رسانی نے مزید بتایا کہ انہوں نے ایک یورپی ملک میں موجود موساد کے سرغنہ کا سراغ بھی لگایا ہے اور اس بارے میں بھی معلومات حاصل کی ہیں جس کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے فوراً بعد منظر عام پر لائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی 18 دسمبر کو ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک جاسوسی نیٹ ورک کے ارکان سراغ لگا کر گرفتار کر لیا ہے جو فرنٹ کمپنیوں اور سکیورٹی مارکیٹنگ کے ذریعے ملک کی دفاعی صنعت کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔