پیرو، حکومت مخالف ہنگاموں میں 18 افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

لیما (انٹرنیشنل ڈیسک) پیرو میں حکومت مخالف ہنگاموں میں 18افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں ۔ترک نشریاتی ادارے کے مطابق پیرو میں صدر پیدرو کاستیلو کی 7 دسمبر کو کانگریس کے عہدے سے معزولی اور جیل میں بند کیے جانے کے بعد چھڑنے والے مظاہروں میں ابتک ہلاکتوں کی تعداد 18 جبکہ زخمیوں کی تعداد 426 ہو گئی ہے۔

پیرو کے دارلحکومت سمیت متعدد شہروں میں گلی کوچوں میں نکلنے والے مظاہرین ملک کی نئی صدر دینا بولو آرتے کے مستعفی ہونے ، زیر حراست کاستیلو کی رہائی ، کانگریس کو بند کرنے اور انتخابات کے شیڈول کا فی الفور تعین کرنے کے مطالبات کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پیرو کی موجودہ حکومت نے پر تشدد واقعات اور مظاہروں کے پیش نظر 14 دسمبر کو 30 دنوں کے لیے ملک گیر ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا اور موجودہ صدر بولو آرتے نے مظاہرین سے بات چیت کرنے کی اپیل کی تھی۔