سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائی ، 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار

لاہور: (کرائم ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے4 مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 30انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے ، پوچھ گچھ کے دوران4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا ۔

گرفتار دہشت گردوں میں دانش‘محمد رزاق آفریدی ، محمد مظفر محمود اور حافظ زاہد محمود شامل ہیں جن کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2672 گرام دھماکہ خیز، 8 فٹ پرائما کارڈ، 5 ڈیٹونیٹرز، ایک پستول 30 بور معہ 07 گولیاں، 01 بیٹری، ایک موٹر سائیکل ہونڈا 125 اورنقدی برآمد کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ، مبینہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس کی مدد سے351 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔