یوکرین کے روسی فضائی اڈوں پر2 ڈرونز حملے، 3 فوجی ہلاک

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین نے ڈرونز کے ذریعے روس کے 2 فضائی اڈوں پر حملے کیے جس میں روس کے 3 فوجی ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مرکز میں واقع 2 روسی فضائی اڈوں پر یوکرین کے ڈرونز نے حملہ کیا جس میں 3 روسی فوجی مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی صبح کیف حکومت نے سوویت یونین کے ڈیزائن کردہ ڈرونز سے ریازان کے علاقے دیا غیلیف ایئر بیس اور سراتوف میں اینجلز بیس کو نشانہ بنایا۔ ایک دھماکہ ایک اڈے پر ہوا جس میں جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت والے سٹریٹجک بمبار طیارے موجود تھے۔

اس سے قبل روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی “ریا نوووستی” نے اطلاع دی تھی کہ ایندھن کا ٹرک پھٹنے سے 3 روسی فوجی ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوئے۔ جس میں ایک طیارہ بھی تباہ ہوا ۔ اڈے پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے طیارے موجود ہیں جو ہوا میں بمبار طیاروں کو ایندھن فراہم کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ دریائے وولگا کے کنارے سراتوف کے علاقے میں حکام نے کہا تھا کہ وہ اینجلز ایئر بیس کے علاقے میں دھماکے کی اطلاعات کی جانچ کر رہے ہیں جہاں موجود ٹی یو۔ 95 اور ٹی یو۔ 160 سٹریٹجک بمبار طیاروں نے یوکرین پر حملوں میں حصہ لیا تھا۔

سراتوف علاقے کے گورنر رومن بسارگین نے کہا تھا کہ شہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، حکام اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا فوجی تنصیبات پر کوئی حادثہ تو نہیں ہوا۔

اسی طرح اینجلز بیس کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جس کے بعد یوکرینی صدر زیلنسکی کے دفتر نے جنوبی وسطی یوکرین میں ان کے آبائی شہر کریوی ریہ پر تین میزائل حملے ہونے کا بیان جاری کیا تھا۔