انٹرنیشنل ماسٹرز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: اکرم خان نیازی نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ایتھلیٹ اکرم خان نیازی نے انٹرنیشنل ماسٹرز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ شاٹ پٹ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں منعقدہ انٹرنیشنل ماسٹرز ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے شاٹ پٹ ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹ پروفیسر اکرم خان نیازی نے 11.86 میٹر تھرو کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔ملائیشیا کا ایتھلیٹ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا۔ ایونٹ میں 10 ممالک کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔

ایونٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر اکرم خان نے کہا کہ پاکستان کے لئے میڈل جیتنا ایک خواب تھا، کسی فیڈریشن یا حکومت کی سپورٹ کے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔

اگر حکومت اور فیڈریشنز تعاون کریں تو اپنے ملک کے لئے مزید میڈلز حاصل کر سکتا ہوں۔ واضح رہے کہ پروفیسر اکرم خان نیازی 2019ء میں بھی ملک کے لئے گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔