شاہین شاہ آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

پیسر کی بحالی میں تقریباً 15 دن لگیں گے جس کے بعد ان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا: پی سی بی

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک ) بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف 27 دسمبر سے کراچی میں شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے۔ شاہین آفریدی کو ایم سی جی میں ورلڈ ٹی ٹونٹی فائنل کے دوران انجری کا سامنا کرنا پڑا۔ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوران گھٹنے کی انجری کے بعد T20 ورلڈ کپ میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی۔

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اتوار کو اپنی بحالی کا عمل شروع کرنے لاہور پہنچے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شاہین کی بحالی میں تقریباً 15 دن لگیں گے، جس کے بعد وہ ان کی انجری کی حالت کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔ اس لیے شاہین اس ماہ کے آخر میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی دو میچوں کی سیریز کے لیے انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ قومی ٹیم کے اگلے سال کچھ اہم بین الاقوامی ایونٹس کھیلنے ہیں اس لیے پی سی بی چاہتا ہے کہ شاہین انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو کر پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کر سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ آفریدی مکمل صحتیابی کے بعد ہی کسی بھی قومی یا بین الاقوامی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ دریں اثناء دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجری کے بعد فزیوز کی جانب سے اگلے دس دن مکمل آرام کا مشورہ دینے کے بعد ملتان ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

حارث 17 دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم اگلے سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے میچز کو دیکھتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ میں ان کی شمولیت کا امکان نہیں ہے۔